ہفتہ, اکتوبر ۱۷, ۲۰۲۶ – ۱:۳۶ شام
 

گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
Pocket
WhatsApp

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوا، جس میں صوبے کی سکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے خاتمے، پائیدار امن کے قیام اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، ایڈوائزری کونسل کے اراکین، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو درپیش دیرینہ مسائل، خصوصاً تعلیم، صحت اور شہری زندگی کے معیار سے متعلق امور پر خصوصی توجہ دی جائے۔ فورم کے مطابق ان مسائل کا تعلق عوام کے تحفظ اور پائیدار امن سے بھی ہے، اس لیے ان کے حل کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط، مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات کریں گے۔ فورم نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور امن کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں گے۔

پولیس اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی عملی استعداد بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ ان اداروں کو جدید آلات، ضروری گاڑیاں، بکتر بند گاڑیاں، مؤثر اسلحہ، مطلوبہ نفری اور دیگر ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے فرائض مؤثر انداز میں انجام دے سکیں۔

فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کا خاتمہ اور صوبے میں امن و امان کا قیام تمام ریاستی اداروں کا مشترکہ مقصد اور اولین ترجیح ہے، جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں صوبے کے عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے، سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور پسماندہ و متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی پر بھی اتفاق کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام جاری رکھیں گے۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ عوام کو درپیش مسائل حل کرنے، بنیادی سہولیات فراہم کرنے اور سرکاری خدمات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے عوامی تجاویز، ضروریات اور مقامی ترجیحات کو پالیسی سازی اور عملی اقدامات کا حصہ بنایا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
Pocket
WhatsApp

متعلقہ خبریں

تازہ ترین خبریں