کوہاٹ: کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ کی زیرِ صدارت پراونشل ایکشن پلان پر اعلیٰ سطحی اجلاس میں دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونین کے خلاف کارروائیاں مزید تیز اور مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
کمشنر کے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں ڈی آئی جی کوہاٹ عرفان طارق، ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ پولیس افسران اور متعلقہ محکموں و اداروں کے حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈویژن بھر کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، سیکیورٹی اقدامات اور انسدادِ دہشت گردی کی حکمتِ عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران حکام کو دہشت گردوں، عسکریت پسندوں، سہولت کاروں، مالی معاونین اور دیگر معاون عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اس موقع پر سیکیورٹی صورتحال سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو اپنے اقدامات میں مزید بہتری لانے کی ہدایت بھی کی گئی۔
اجلاس میں پلیسر گولڈ کے کاروبار کو باقاعدہ بنانے اور غیر قانونی کان کنی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ کمشنر سید معتصم باللہ شاہ نے جوائنٹ چیک پوسٹوں پر تمام متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کی موجودگی یقینی بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور بروقت معلومات کا تبادلہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون کے ذریعے سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنائیں۔
اجلاس میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ اسی طرح مدارس اور رینٹ اے کار گاڑیوں کی پروفائلنگ مکمل کرنے کے عمل میں بھی تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
کمشنر کوہاٹ ڈویژن نے واضح کیا کہ سیکیورٹی اقدامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور پراونشل ایکشن پلان کے تحت کیے گئے فیصلوں پر بروقت عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس کے دوران گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد سے متعلق پیش رفت رپورٹس بھی پیش کی گئیں اور مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔





