ایف آئی اے اسلام آباد کی ٹیم نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے بارڈر ہیلتھ سروس کے 2 افسران کو گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق افسران پر الزام ہے کہ وہ ہر مسافر سے ویکسینیشن کے نام پر ساڑھے 4 ہزار روپے وصول کر رہے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کروڑوں روپے مالیت کی ویکسین کی خریداری کے معاملے کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔ اس پیش رفت کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر بین الاقوامی مسافروں کے لیے قائم ویکسینیشن کاؤنٹر بھی بند کر دیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق بارڈر ہیلتھ سروس نے کراچی ایئرپورٹ کے ڈیپارچر لاؤنج میں قائم ویکسینیشن کاؤنٹر اچانک بند کر دیا۔
بارڈر ہیلتھ سروس وفاقی وزارتِ صحت کے ماتحت ادارہ ہے۔ خبر کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے مسافروں کے لیے ویکسینیشن کی کوئی شرط عائد نہیں کی گئی تھی۔




