ملتان میں 15 سالہ یتیم لڑکے وسیم عباس کو کار سے کچلنے کے مقدمے میں نامزد ملزم توقیر نذیر پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔ ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی کے مطابق ملزم پولیس ریمانڈ پر تھا، تاہم وہ فرار ہوگیا تھا۔
سی سی ڈی کے مطابق ناردرن بائی پاس بہاولپور پر پولیس نے موٹرسائیکل پر سوار دو افراد کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کردی۔ اس دوران ملزم توقیر نذیر اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
واضح رہے کہ توقیر نذیر نے گزشتہ روز مبینہ طور پر کار کی ٹکر سے 15 سالہ وسیم عباس کو کچل دیا تھا۔ خبر کے مطابق یتیم بچے وسیم عباس نے ملزم کے غیر انسانی رویے سے تنگ آکر کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔
ملزم توقیر نذیر کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے چار روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔ عدالت میں پیشی کے دوران وکلا نے بھی مبینہ طور پر ملزم کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔




