گوجرانوالہ میں شادی کے اگلے ہی روز ایک دلہن فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہوگئی۔ دولہا دلہن کی گاڑی کو سمن آباد چونگی کے قریب اس وقت نشانہ بنایا گیا جب نوبیاہتا جوڑا ولیمے کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہا تھا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ رات پیش آیا، جبکہ مقتولہ کی شادی ایک روز قبل ہوئی تھی۔ واقعے کے بعد لڑکی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں دو نامزد سمیت تین ملزمان کو شامل کیا گیا ہے۔
مقدمے میں مقتولہ کی ایک دوست کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق نامزد ملزمان میں شامل ایک شخص مقتولہ سے شادی کرنا چاہتا تھا، تاہم لڑکی کے اہل خانہ نے اس رشتے سے انکار کر دیا تھا۔ مذکورہ شخص مقتولہ کی دوست کا رشتے دار بتایا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ واقعے کے محرکات اور ذمہ داروں کا تعین تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔




