اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے عملے کے نئے یونیفارم تیار کرنے کے لیے معروف پاکستانی فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین کا انتخاب کرلیا ہے۔ نئے یونیفارمز 31 اکتوبر کو لندن سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کے نئے بوئنگ 787 طیارے کی پہلی پرواز کے موقع پر متعارف کرائے جائیں گے۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ایئرلائن نے گزشتہ ماہ کراچی میں ملک کے معروف فیشن ڈیزائنرز کو نئے یونیفارمز کے ڈیزائن پیش کرنے کی دعوت دی تھی۔ موصول ہونے والے ڈیزائنز کا جائزہ جدت، معیار اور پی آئی اے کی شناخت کے ساتھ پاکستان کے ثقافتی ورثے کو نمایاں کرنے کی صلاحیت کی بنیاد پر لیا گیا، جس کے بعد حسن شہریار یاسین کے تیار کردہ ڈیزائن منتخب کیے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ 31 اکتوبر کو لندن سے اسلام آباد آنے والی بوئنگ 787 کی پہلی پرواز میں پی آئی اے کا عملہ نئے یونیفارمز پہن کر مسافروں کا استقبال کرے گا۔
ایئرلائن انتظامیہ مسافروں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنے اور ادارے میں جدت لانے کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہے۔ ان میں جدید اور تفریحی سہولتوں سے آراستہ طیاروں کی شمولیت، موجودہ طیاروں کی نشستوں اور کیبن کی بہتری، عملے کے لیے نئے انتظامات اور کھانے کے مینو میں تبدیلیاں شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق نئے یونیفارمز پی آئی اے میں تبدیلی اور جدت کے عمل کا اہم حصہ ہیں، جبکہ ان کے ذریعے ایئرلائن کی شناخت اور پاکستانی ثقافت کو بھی نمایاں کرنے کی کوشش کی جائے گی۔




