جمعہ, اکتوبر ۲۳, ۲۰۲۶ – ۵:۴۱ صبح
 

شاہ چارلس نے اہلِ عمان کے اخلاق کی تعریف میں حدیثِ نبوی ﷺ سنا دی

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
Pocket
WhatsApp

برطانوی بادشاہ شاہ چارلس سوم نے ونڈسر کیسل میں سلطانِ عمان ہیثم بن طارق کے اعزاز میں منعقدہ سرکاری ضیافت سے خطاب کرتے ہوئے اہلِ عمان کی تعریف میں صحیح مسلم کی ایک حدیث عربی زبان میں بیان کی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ چارلس سوم اور ملکہ کمیلا نے سلطان ہیثم بن طارق کا استقبال کیا، جو تین روزہ سرکاری دورے پر برطانیہ میں موجود ہیں۔ یہ 44 سال کے عرصے میں عمان کے کسی سلطان کا برطانیہ کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔

منگل کی شب ونڈسر کیسل میں سلطانِ عمان کے اعزاز میں سرکاری ضیافت کا اہتمام کیا گیا، جہاں اپنے خطاب کے دوران شاہ چارلس نے اہلِ عمان کے اچھے اخلاق کا ذکر کرتے ہوئے نبی کریم ﷺ کی حدیث کا حوالہ دیا۔

شاہ چارلس نے عربی زبان میں جو حدیث بیان کی، اس کا مفہوم ہے کہ اگر تم اہلِ عمان کے پاس جاتے تو وہ نہ تمہیں برا بھلا کہتے اور نہ تمہیں مارتے۔

برطانوی بادشاہ کی جانب سے عربی زبان میں حدیثِ نبوی ﷺ بیان کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جہاں صارفین اس لمحے پر توجہ دے رہے ہیں۔

اپنے خطاب میں شاہ چارلس نے برطانیہ اور عمان کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تنازعات کے موجودہ دور میں مختلف فریقوں کے درمیان مفاہمت، رابطوں اور بات چیت کو فروغ دینے کے لیے عمان کی کوششیں اہمیت رکھتی ہیں۔

سلطان ہیثم بن طارق کا یہ دورہ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات اور باہمی تعاون کی اہمیت کو نمایاں کرتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
Pocket
WhatsApp

متعلقہ خبریں

تازہ ترین خبریں