لنڈی کوتل میں ایلیٹ کیئر جنرل ہسپتال پشاور کی جانب سے تین روزہ مفت فزیوتھراپی کیمپ منعقد کیا گیا، جس میں 120 سے زائد مردوں، خواتین اور بچوں کو مفت طبی مشاورت، معائنے اور علاج کی سہولت فراہم کی گئی۔
ڈاکٹر اویس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کیمپ 5 سے 7 اکتوبر تک جاری رہا۔ اس دوران ماہر ڈاکٹروں اور فزیوتھراپسٹس پر مشتمل ٹیم نے مریضوں کا معائنہ کیا اور انہیں علاج سے متعلق رہنمائی فراہم کی۔ ٹیم میں ڈاکٹر مبشر حسن، ڈاکٹر ماریہ خان، ڈاکٹر جمیلہ خان اور ڈاکٹر گل اندام شامل تھے۔
ان کے مطابق کیمپ میں پٹھوں، اعصاب اور جوڑوں کے درد سمیت مختلف جسمانی مسائل کا شکار افراد نے علاج کی سہولت حاصل کی۔ مریضوں میں کمر، گردن، کندھے، گھٹنے اور پاؤں کے درد میں مبتلا افراد کے علاوہ جسمانی کمزوری، معذوری اور دیگر مسائل کا سامنا کرنے والے بچے بھی شامل تھے۔

کیمپ میں پشاور، لنڈی کوتل، باڑہ، چارسدہ، لوئر دیر اور مردان سے مریض پہنچے۔
ڈاکٹر اویس نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد فزیوتھراپی کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھانا اور بحالی کی طبی سہولیات ان افراد تک پہنچانا ہے جو مالی مشکلات یا معلومات کی کمی کے باعث علاج نہیں کرا پاتے۔
انہوں نے بتایا کہ کیمپ کو عوام کی جانب سے مثبت ردعمل ملا ہے، جس کے پیش نظر مستقبل میں بھی کمیونٹی آؤٹ ریچ پروگرام جاری رکھنے اور مفت یا کم لاگت والے فزیوتھراپی کیمپ منعقد کرنے کا ارادہ ہے، خصوصاً ان افراد کے لیے جنہیں بحالی کی طبی سہولیات تک محدود رسائی حاصل ہے۔
کیمپ سے مستفید ہونے والے مریضوں نے ایلیٹ کیئر جنرل ہسپتال اور اس کے عملے کا شکریہ ادا کیا اور مفت فزیوتھراپی، طبی مشاورت اور علاج کی سہولتوں کو سراہا۔





