جدہ۔ 2026-2027 ABB FIA فارمولا ای عالمی چیمپئن شپ کے نئے سیزن کا آغاز 18 اور 19 دسمبر کو سعودی عرب کے جدہ کورنیش سرکٹ سے ہوگا۔ جدہ ای پری کی ٹکٹیں فروخت کے لیے پیش کردی گئی ہیں۔ یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ جدہ فارمولا ای عالمی چیمپئن شپ کے افتتاحی راؤنڈز کی میزبانی کرے گا۔
ایونٹ کی ایک اہم خصوصیت GEN4 کار کا عالمی سطح پر پہلی مرتبہ باقاعدہ مقابلے میں حصہ لینا ہے۔ اسے فارمولا ای کی تاریخ کی سب سے طاقتور کار قرار دیا گیا ہے۔ یہ کار 600 کلو واٹ تک طاقت پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور صرف 1.8 سیکنڈ میں صفر سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرسکتی ہے۔
نئے سیزن میں روایتی ای پری ریسز کے ساتھ مقابلے کا ایک نیا فارمیٹ بھی متعارف کرایا جائے گا جسے ’’ای پری انلیشڈ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔
3.001 کلومیٹر طویل جدہ کورنیش سرکٹ 19 موڑ پر مشتمل ہے۔ نئے سیزن کے پہلے دونوں راؤنڈ اسی سرکٹ پر رات کے وقت فلڈ لائٹس کی روشنی میں منعقد ہوں گے۔
ایونٹ کے دوران شائقین کے لیے ایک خصوصی فین زون بھی قائم کیا جائے گا جہاں انٹرایکٹو سرگرمیوں کے ساتھ خاندانوں کے لیے مختلف تفریحی پروگرام پیش کیے جائیں گے۔ ریس کے بعد تفریحی پرفارمنسز کا بھی اہتمام ہوگا۔
سعودی آٹوموبائل اینڈ موٹرسائیکل فیڈریشن کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو انجینئر منصور المکبل نے کہا کہ فارمولا ای کے افتتاحی راؤنڈز کی میزبانی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ موٹر اسپورٹس کے مستقبل کی تشکیل اور عالمی چیمپئن شپ کی میزبانی میں مملکت کا کردار مسلسل بڑھ رہا ہے۔





