تہران: ایران نے دشمن عناصر سے ملک کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے 3 لاکھ 13 ہزار رضاکار متحرک کردیے۔
تہران میں امام حسین اسکوائر سے انقلاب اسکوائر تک بڑا جلوس نکالا گیا، جس میں ’’جان فدا‘‘ مہم کی جنگی بٹالینز اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
منتظمین کے مطابق ’’جان فدا‘‘ مہم کا مقصد ایران کی پائیدار سیکیورٹی کے قیام میں مدد فراہم کرنا، عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنا اور ملک دشمن عناصر کی جانب سے لاحق خطرات کے خلاف مزاحمت کو مضبوط بنانا ہے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بسیج تنظیم کے سربراہ حسین طائب نے ’’جان فدا‘‘ مہم کو دنیا کی جنگی تاریخ کی سب سے بڑی عوامی مہم قرار دیا۔
حسین طائب کے مطابق یہ مہم ایران کے جمہوری تشخص اور مختلف خطرات کے مقابل عوام کی ثابت قدمی کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں دنیا امریکیوں کو شکست کے ساتھ اس خطے سے نکلتے ہوئے دیکھے گی۔





