کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی نمبر 5 میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل اور مبینہ کار لفٹرز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں پولیس کے مطابق 19 سال سے گاڑیاں چوری کرنے والا ملزم ہلاک ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت محمد بروہی کے نام سے ہوئی ہے، جس کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں 47 مقدمات درج تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم ماضی میں 7 مرتبہ گرفتار بھی ہوچکا تھا۔
پولیس کے مطابق محمد بروہی بین الصوبائی کار لفٹر گینگ کا رکن تھا۔ مقابلے کے دوران اس کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم کے قبضے سے سعید آباد تھانے کی حدود سے چوری کی گئی ایک کار اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف گاڑی چوری، پولیس مقابلے، غیر قانونی اسلحے اور منشیات سے متعلق مقدمات بھی درج تھے۔
پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے شروع کردیے ہیں۔





