کوہاٹ: پولیس لائنز مسجد میں ہونے والے دھماکے اور حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والوں میں لیاقت میموریل اسپتال کے چیف ڈسٹرکٹ اسپیشلسٹ ڈاکٹر اسرائیل خان اورکزئی بھی شامل ہیں۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کوہاٹ اسپتال ڈاکٹر طاہر شاہ کے مطابق پولیس لائنز مسجد دھماکے اور حملے میں مجموعی طور پر 21 افراد شہید ہوئے، جن میں 15 پولیس اہلکار اور 6 شہری شامل ہیں، جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر طاہر شاہ نے بتایا کہ زخمیوں میں 73 پولیس اہلکار اور 30 شہری شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 103 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے 90 زخمی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال جبکہ 13 زخمی لیاقت میموریل اسپتال لائے گئے۔
ایم ایس کوہاٹ اسپتال کے مطابق 34 زخمی تاحال مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ چار زخمیوں کو مزید طبی علاج کے لیے پشاور کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق دھماکے اور حملے کے بعد زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ اسپتالوں میں ہنگامی بنیادوں پر طبی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔





