پاکستان کے معروف اداکار فیصل قریشی نے بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی ڈراموں پر پابندی عائد کرنے کی کوشش پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے پاکستانی ڈراموں کی مقبولیت اور ان کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص سامنے آنے کا خوف ظاہر ہوتا ہے۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل قریشی نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں نے بھارتی ناظرین کو یہ جاننے کا موقع دیا کہ پاکستانی بھی عام اور تعلیم یافتہ لوگ ہیں۔ ان کے بقول، بھارتی حکومت نے پاکستانی ڈراموں کے اثرات روکنے کے لیے پابندی عائد کرنے کی کوشش کی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ بھارتی ناظرین پاکستانی مقبول ڈراموں میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور حالیہ ڈراموں کو بھی وہاں پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
فیصل قریشی کے مطابق پابندی کے بعد بھارتی ناظرین نے پاکستانی ڈرامے دیکھنے کے لیے وی پی این کا استعمال شروع کر دیا، جس کے باعث بھارتی حکومت کو اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹنا پڑا۔





