واشنگٹن: ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے 2030 کے فٹبال ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق حاصل کرلیے ہیں۔ معاہدے کے تحت مراکش اور پرتگال کے ساتھ مشترکہ طور پر منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے میچز اسپین میں نیٹ فلکس پر دکھائے جائیں گے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ نیٹ فلکس نے مینز فٹبال ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق حاصل کیے ہیں۔ اس سے قبل اسٹریمنگ سروس 2027 اور 2031 میں ہونے والے ویمنز ورلڈ کپ کے عالمی خصوصی نشریاتی حقوق بھی حاصل کر چکی ہے۔
معاہدے کے مطابق نیٹ فلکس اسپین اور انڈورا کے ناظرین کو ورلڈ کپ کے تمام 104 میچز دکھائے گا۔ اسپین میں ہر میچ ڈے پر ایک مقابلہ مفت نشر کرنے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ٹورنامنٹ کے میچز کا ایک پیکج اسپین کے ایک فری ٹو ایئر ٹیلی ویژن چینل پر بھی دکھایا جائے گا۔ اس میں اسپین کی قومی ٹیم، جسے ’لا فیوریا روخا‘ کہا جاتا ہے، کے تمام میچز، دونوں سیمی فائنلز اور فائنل شامل ہوں گے۔
برطانیہ میں ورلڈ کپ کی نشریات کے لیے مختلف قواعد لاگو ہیں۔ وہاں یہ ٹورنامنٹ حکومت کی ’کراؤن جیول‘ فہرست میں شامل اہم کھیلوں کے ایونٹس میں شمار ہوتا ہے، جس کے باعث اس کی نشریات روایتی ٹیلی ویژن نیٹ ورکس کے ذریعے ہی کی جا سکتی ہیں۔
فیفا کے سیکریٹری جنرل میٹیاس گرافشٹروم نے کہا ہے کہ 2026 اور 2030 کے توسیع شدہ ورلڈ کپ دنیا بھر کے فٹبال شائقین کے لیے ناقابلِ فراموش ایونٹس ثابت ہوں گے۔





