پشاور ہائیکورٹ نے لانگ مارچ سے متعلق درخواست پر فوری عبوری ریلیف دینے سے انکار کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔
عدالت میں سماعت کے دوران جسٹس صاحبزاہ اسد اللہ نے ریمارکس دیے کہ فریقین کو سنے بغیر ریلیف نہیں دیا جاسکتا۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ لانگ مارچ کو درخواست گزاروں کے حلقوں سے گزرنے دیا جائے اور وہ قانون کے مطابق لانگ مارچ کا خیرمقدم کریں گے۔
وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ لانگ مارچ کی راہ میں ممکنہ رکاوٹیں پیدا نہ کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کل تک انتظار کی گنجائش نہیں، لانگ مارچ جاری ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست قابلِ سماعت نہیں، کیونکہ لانگ مارچ سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم پہلے ہی آچکا ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے مزید وقت مانگتے ہوئے کہا کہ وہ آج اس معاملے پر تیار نہیں ہیں، اس لیے سماعت کل کے لیے مقرر کی جائے۔
بعد ازاں پشاور ہائیکورٹ نے سماعت کل تک ملتوی کردی۔





