پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قصور کے قریب پاکستان اور بھارت کی بین الاقوامی سرحد پر بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی فائرنگ سے 2 پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعہ پنجاب کے لدھر گاؤں کے قریب پیش آیا، جہاں 3 پاکستانی شہری سرحدی ستون سے چند قدم آگے گئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دوران بی ایس ایف اہلکاروں نے ان پر فائرنگ کردی۔
پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تینوں شہری غیر مسلح تھے اور انہوں نے سرحد پر نصب باڑ عبور کرنے کی کوشش نہیں کی تھی۔
فائرنگ کے نتیجے میں عظمت رسول شاہ اور محسن جٹ جاں بحق ہوئے، جو لدھر کے علاقے جٹاں والی حویلی کے رہائشی تھے، جبکہ تیسرا شہری زخمی ہوگیا جسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بی ایس ایف اہلکاروں نے کسی پیشگی وارننگ کے بغیر فائرنگ کی، جسے ذرائع نے بلاجواز فائرنگ قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی شہریوں نے بین الاقوامی سرحد یا سرحدی باڑ عبور نہیں کی تھی اور فائرنگ کا واقعہ سرحد پر نافذ انتظامات اور طے شدہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
دوسری جانب پاکستانی سیکیورٹی ذرائع نے بھارتی میڈیا کی ان رپورٹس کو مسترد کردیا ہے جن میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں کو درانداز قرار دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق واقعے کو دراندازی یا ’’فالس فلیگ‘‘ کارروائی کے طور پر پیش کرنا حقائق کے خلاف ہے۔





