بھارتی ریاست پنجاب کے شہر لدھیانہ میں گاڑی اور موٹر سائیکل کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر ایک شخص کی جانب سے اپنی بیوی کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، جس میں ملزم کو خاتون کو تھپڑ مارتے اور بالوں سے پکڑتے دیکھا جا سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ 21 اکتوبر کی رات پیش آیا۔ متاثرہ خاتون ٹوئنکل نے پولیس کو شکایت درج کرائی ہے اور واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی فراہم کی ہے۔
خاتون نے الزام لگایا کہ اس کے شوہر ریتش شرما نے شادی کے تقریباً تین ماہ بعد تھار گاڑی کا مطالبہ شروع کر دیا تھا۔ اس معاملے پر دونوں کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے تھے، جبکہ بعد میں شوہر نے موٹر سائیکل کا مطالبہ بھی کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق واقعے کی رات موٹر سائیکل کے معاملے پر دونوں کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا، جس پر ٹوئنکل اپنی حفاظت کے لیے ایک پڑوسی کے گھر چلی گئی۔ تاہم، شوہر وہاں بھی پہنچ گیا اور مبینہ طور پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ خاتون کی چیخ و پکار سن کر پڑوسی گھروں سے باہر نکل آئے اور مداخلت کرکے اسے بچایا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریتش شرما شعبۂ صحت سے وابستہ تھا، جبکہ ٹوئنکل اپنا سیلون چلاتی تھی۔ دونوں کی شادی گزشتہ سال نومبر میں ہوئی تھی۔ یہ ٹوئنکل کی دوسری جبکہ ریتش شرما کی پہلی شادی تھی۔
پولیس نے خاتون کی شکایت موصول ہونے کے بعد کارروائی شروع کر دی ہے۔





