وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فی لیٹر 100 روپے سستے پیٹرول کی فراہمی کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام فعال کردیا گیا۔
وزارتِ آئی ٹی کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر سخت معاشی حالات میں محنت کش طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے صوبائی محکموں، نادرا اور ٹیلی کام آپریٹرز کے تعاون سے جامع اور خودکار ڈیجیٹل نظام تیار کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اس خصوصی اسکیم کا مقصد موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو مہنگے پیٹرول کے اضافی بوجھ سے ریلیف دینا اور سبسڈی کی شفاف فراہمی یقینی بنانا ہے۔
اسکیم کے تحت مستحق شہریوں کو پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کی رعایت دی جائے گی۔ موٹر سائیکل اور چنگچی کے لیے ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر رعایتی پیٹرول کی حد مقرر کی گئی ہے۔
وزارتِ آئی ٹی کے مطابق صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ اور ایکسائز کے تعاون سے گاڑیوں کی تصدیق کا عمل بھی مکمل طور پر خودکار بنا دیا گیا ہے، جس سے مستحق افراد کی شناخت اور سبسڈی کی فراہمی میں شفافیت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔





