وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سرکاری جہاز میں جانے پر تنقید کی جا رہی ہے، لیکن بتا دوں کہ اس کے سارے اخراجات، پونے تین کروڑ روپے، میں نے خود ادا کیے ہیں۔
ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جہاز پر تنقید ہو رہی ہے، وہ جہاز مریم نواز کا نہیں بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا ہے، چاروں وزرائے اعلیٰ کے پاس جہاز ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج بیٹی کی گریجویشن کی تقریب میں سرکاری جہاز میں جانے پر تنقید کی جا رہی ہے، لیکن آپ کو بتا دوں کہ اس کے سارے اخراجات، پونے تین کروڑ روپے، میں نے خود ادا کیے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے چند افراد پنجاب پر حملہ کرنے آئے، انہیں کسی نے نہیں پوچھا، وہ سڑک پر بیٹھے رہے، پنجاب کے عوام نے انہیں پہچاننے سے انکار کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں پنجاب کے عوام نے مسترد کیا تو وہ خودساختہ اغوا ہوئے، انہوں نے کرسی مانگی تو کرسی دینے سے انکار کردیا کہ کرسی چوری ہو جائے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے ترقیاتی کاموں پر بہت تنقید ہوتی ہے، اس ترقی کو دیکھ کر جو آئینہ دکھایا جا رہا ہے، تنقید اس پر ہو رہی ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب نے کسی کا حق نہیں کھایا، بلکہ اپنے حق سے دوسرے صوبوں کو دیا۔





