روس سے تیل کی رسد بڑھنے کی توقعات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت 1 ڈالر 37 سینٹ، یعنی 1.31 فیصد کم ہو کر 103 ڈالر 35 سینٹ فی بیرل رہ گئی۔ اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں بھی 1 ڈالر 30 سینٹ، یعنی 1.42 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد یہ 90 ڈالر 55 سینٹ فی بیرل پر آگئی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین ایک دوسرے کی توانائی تنصیبات پر حملے روکنے پر متفق ہو گئے ہیں۔ اس بیان کے بعد روس سے عالمی منڈی میں تیل کی رسد بڑھنے کی توقعات پیدا ہوئی ہیں، جس کا اثر قیمتوں پر پڑا۔
تاہم ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ جاری رہنے کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر دباؤ برقرار ہے اور برینٹ خام تیل اب بھی 100 ڈالر فی بیرل کی سطح سے اوپر ہے۔





