راولپنڈی کے علاقے خیابان سر سید، ڈھوک نجو میں 15 سالہ لڑکی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کیے جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
پولیس کے مطابق لڑکی گزشتہ رات گھر سے لاپتہ ہوئی تھی۔ اہلخانہ کی جانب سے اس کے اغوا کا مقدمہ تھانہ پیرودھائی میں درج کرایا گیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق لڑکی مدرسے جانے کے لیے گھر سے نکلی تھی، تاہم واپس نہیں آئی۔ بعدازاں اس کی لاش گھر کے قریب واقع ایک گھر سے برآمد ہوئی۔
پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کرکے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں مبینہ طور پر ملوث ملزم کی شناخت ممریز کے نام سے ہوئی ہے، جو مقتولہ کا خالو بتایا گیا ہے۔
مقتولہ کے والد نے ویڈیو بیان میں کہا کہ ان کی بیٹی گزشتہ روز دوپہر 2 بجے سے لاپتہ تھی اور آج اس کی لاش گھر کے قریب ان کے ہم زلف کے گھر سے ملی۔
دوسری جانب سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے واقعے میں ملوث ملزم کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔





