وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سرزمین سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہمارا عزم ہے، جبکہ عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔
خیال رہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائیوں کے دوران گزشتہ 96 گھنٹوں میں 71 سے زائد دہشتگردوں کو ہلاک کیا ہے۔
انٹیلی جنس ایجنسیوں نے کوئٹہ کے علاقے شعبان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے ٹھکانوں کی نشاندہی کی، جہاں موجود دہشتگرد مقامی آبادی کے لیے خطرہ بن رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے 21 ستمبر کو زیارت اور گردونواح میں کارروائی کی، جبکہ دہشتگردوں سے مقابلے کے دوران متعدد ٹھکانے کلیئر کیے گئے۔





