لندن: برطانیہ میں دو لڑکیوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے ورغلانے، اپنے فلیٹ میں بلا کر شراب پلانے اور مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے 29 سالہ افغان مہاجر سلطان بکاتش کو 14 سال قید کی سزا سنادی گئی۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق سلطان بکاتش پر الزام تھا کہ اس نے گزشتہ برس 6 دسمبر کو گریٹر مانچسٹر کے علاقے بولٹن میں واقع اپنے فلیٹ میں دو لڑکیوں کو شراب پلائی اور ان کے بے ہوش ہونے کے بعد ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد گریٹر مانچسٹر پولیس کے چائلڈ پروٹیکشن انویسٹی گیشن یونٹ نے تحقیقات شروع کیں۔ پولیس کے مطابق ملزم گرفتاری سے قبل اپنا فلیٹ چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق سلطان بکاتش سابق افغان فوجی ہے۔ وہ 2022 میں اپنی والدہ اور دو بہنوں کے ہمراہ برطانیہ پہنچا تھا، جہاں اسے عارضی طور پر قیام کی اجازت دی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزم کچھ عرصہ قبل لڑکیوں سے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے میں آیا، جہاں مبینہ طور پر انہیں اپنے جال میں پھنسایا، شراب خریدی اور انہیں اپنے فلیٹ پر لے گیا۔ وہاں مبینہ طور پر دونوں لڑکیوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
مقدمے کی کارروائی کے بعد عدالت نے سلطان بکاتش کو 14 سال قید کی سزا سنادی۔





