فرانس میں مبینہ طور پر ابتر تعلیمی نظام، اساتذہ کی کمی اور داخلہ پالیسی کے خلاف طلبہ کا احتجاج چھٹے روز بھی جاری ہے، جبکہ گزشتہ روز ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں کے دوران صورتحال پُرتشدد ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے مختلف شہروں میں ہزاروں طلبہ نے احتجاج کیا، اس دوران مشتعل مظاہرین نے کوڑے دانوں کو آگ لگا دی، پولیس کی رکاوٹیں توڑ دیں اور سڑکوں پر توڑ پھوڑ کی۔
رپورٹس کے مطابق بعض مقامات پر مظاہرین نے پولیس پر فائر کریکر بھی پھینکے، جبکہ پولیس اور طلبہ کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی، جبکہ احتجاج کے دوران 1747 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
فرانسیسی وزیر داخلہ کے مطابق پیر سے جاری احتجاج کے دوران اب تک 5 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق احتجاج کے باعث جمعے کے روز فرانس میں 700 سے زائد اسکول بھی بند رہے۔





