منگل, اکتوبر ۱۳, ۲۰۲۶ – ۳:۳۵ شام
 

خاتون اور تین بچوں کے قتل کی تحقیقات میں موبائل فون اہم کڑی بن گیا

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
Pocket
WhatsApp
death body

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں گھر کے اندر خاتون اور تین بچوں کے قتل کا معمہ تاحال حل نہیں ہوسکا، جبکہ مقتولہ کا موبائل فون بھی اب تک نہیں مل سکا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی ہر زاویے سے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق پورے گھر کی تلاشی لینے کے باوجود مقتولہ مہوش کا موبائل فون اب تک نہیں مل سکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اگر مقتولہ کا موبائل فون مل جائے تو کیس کو حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

پولیس کے مطابق پیر کی رات دانش جب مقتولہ کو کال کر رہا تھا تو فون پر گھنٹی جا رہی تھی، تاہم منگل کو پولیس کی جانب سے کال کرنے پر موبائل فون سوئچ آف ملا۔ اب تک کی تحقیقات کے دوران آلۂ قتل بھی برآمد نہیں ہوسکا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کا کال ڈیٹا ریکارڈ اور علاقے میں نصب کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کی جارہی ہے۔ مقتولہ کے دوست احباب، رشتے داروں اور پڑوسیوں سے بھی معلومات لی جارہی ہیں، جبکہ بچے جس مسجد میں قرآنِ شریف پڑھنے جاتے تھے، وہاں بھی تحقیقات کی گئی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق گھر میں آنے جانے کے لیے صرف ایک ہی راستہ ہے، جبکہ گھر کے اندر زبردستی کسی کے داخل ہونے کے شواہد بھی نہیں ملے۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق مستوئی کا کہنا ہے کہ چار افراد کے قتل میں شوہر ملوث ہے یا کوئی اور، اس بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ ان کے مطابق واقعے کی ہر زاویے سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد کیس حل کرلیا جائے گا۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق کیس کی تحقیقات ہیومن انٹیلی جنس اور ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر کی جارہی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
Pocket
WhatsApp

متعلقہ خبریں

تازہ ترین خبریں