ملائیشیا کے سابق فٹبال لیجنڈ داتوک عبدہ الف نے 72 سال کی عمر میں شادی کرلی، ان کی اہلیہ کی عمر 20 سال بتائی جارہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق داتوک عبدہ الف نے 27 اگست کو اپنی عمر سے تقریباً 50 سال کم عمر لڑکی سے شادی کی، جس کی تصدیق ان کے چھوٹے بھائی داتوک یونس الف نے کی ہے۔ یونس خود بھی سابق قومی کھلاڑی اور کوچ رہ چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق داتوک عبدہ الف کی اہلیہ کی عمر 20 سال ہے۔ دونوں کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں، جس کے بعد یہ شادی خاصی توجہ کا مرکز بن گئی۔
داتوک یونس الف نے بتایا کہ شادی دونوں خاندانوں کی رضامندی سے ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دعا کرتے ہیں کہ دونوں خوش رہیں۔
ان کے مطابق ممکن ہے کہ ان کے بھائی اس وقت ہنی مون پر ہوں، اسی وجہ سے وہ فون کا جواب نہیں دے رہے۔ تاہم انہوں نے تصدیق کی کہ دونوں کی شادی ہوچکی ہے اور خاندان کی جانب سے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔
داتوک عبدہ الف ملائیشین فٹبال کی تاریخ میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ خصوصاً 1970 کی دہائی کے آخر اور 1980 کی دہائی کے اوائل میں قومی ٹیم کے سنہری دور کے دوران انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔
وہ ملائیشیا کی اس ٹیم کا حصہ تھے جس نے فیصلہ کن کوالیفائنگ میچ میں جنوبی کوریا کو 2-1 سے شکست دے کر 1980 کے ماسکو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
تاہم عبدہ الف کا اولمپکس میں شرکت کا خواب پورا نہ ہوسکا۔ ملائیشیا نے افغانستان پر سوویت یونین کے حملے کے خلاف احتجاجاً 1980 کے ماسکو اولمپکس کا بائیکاٹ کیا تھا۔





