چمن میں قدیمی قبرستان کے قریب کباڑی مارکیٹ میں شدید آتشزدگی کے باعث 25 سے زائد دکانیں، جھونپڑیاں اور گودام متاثر ہوئے جبکہ آگ کی لپیٹ میں متعدد گھر بھی آگئے۔
پولیس کے مطابق کباڑی مارکیٹ میں موٹر سائیکل سے پیٹرول منتقل کرنے کے دوران اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے قریبی دکانوں اور گوداموں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ تقریباً تین گھنٹے تک بے قابو رہی، جس کے بعد فائر بریگیڈ، ایف سی چمن بریگیڈ اسکاؤٹس اور مقامی افراد کی مسلسل کوششوں سے اس پر قابو پالیا گیا، تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے۔
امدادی کارروائیوں میں ایف سی چمن بریگیڈ اسکاؤٹس کی جدید فائر بریگیڈ، ریسکیو اور کیو آر ایف اسکواڈ نے حصہ لیا، جبکہ پرائیویٹ ٹینکرز اور دیگر ذرائع سے بھی پانی پہنچایا گیا۔
فائر بریگیڈ عملے نے مقامی افراد کے ساتھ مل کر آگ کے درمیان پھنس جانے والی خواتین اور دیگر افراد کو بحفاظت باہر نکالا۔
چمن بریگیڈ اسکاؤٹس کی جدید فائر بریگیڈ نے مسلسل پھیلتی آگ کو مزید علاقوں تک پہنچنے سے روکنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
آگ پر قابو پانے کے بعد متاثرہ علاقے میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔





