لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں ہیلتھ پروجیکٹس پر بریفنگ دی گئی، جبکہ وزیراعلیٰ نے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں میانوالی میں مریم نواز میڈیکل کالج اینڈ ٹیچنگ اسپتال کے قیام کی منظوری دی گئی، جبکہ ڈیرہ غازی خان میں کلثوم نواز کینسر اسپتال کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ گوجرانوالہ میں 268 بیڈز پر مشتمل نواز شریف، مریم نواز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی قائم کیا جائے گا۔
دوران اجلاس لیہ میں میڈیکل کالج پروجیکٹ پر رپورٹ پیش کی گئی، جبکہ نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ، انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر سرگودھا اور کارڈیالوجی پروجیکٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں انفیکشس ڈیزیز، پلاسٹک سرجری، جینیٹکس، سرجری اور آرتھوپیڈکس کے انسٹیٹیوٹس قائم کیے جائیں گے۔
اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں چلڈرن اسپتال ٹو اور انسٹیٹیوٹ آف اپتھلمالوجی بھی قائم کیے جائیں گے، جبکہ الشفا آئی ٹرسٹ اسپتال اور 100 بیڈز پر مشتمل جنرل اسپتال بھی بنایا جائے گا۔





