اتوار, اکتوبر ۱۸, ۲۰۲۶ – ۳:۱۴ شام
 

پاکستان کا انڈر 15 ورلڈ کپ میں سخت امتحان، تین دن میں پانچ میچز

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
Pocket
WhatsApp

اسلام آباد: پاکستان کی نوجوان فٹبال ٹیم کو فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 میں صرف تین دن کے دوران پانچ میچز پر مشتمل سخت کوالیفائنگ مرحلے کا سامنا ہوگا۔ فیفا نے آذربائیجان میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے میچز کا شیڈول جاری کردیا ہے۔

پاکستان کو گروپ اے ڈی میں قبرص، گیمبیا، اردن، نائیجیریا اور جنوبی سوڈان کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ قومی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 24 اکتوبر کو گیمبیا کے خلاف کرے گی۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بج کر 30 منٹ پر کھیلا جائے گا۔

گرین شرٹس 25 اکتوبر کو ایک ہی دن میں دو میچز کھیلیں گی۔ پاکستان کا پہلا میچ جنوبی سوڈان کے خلاف دوپہر ایک بج کر 45 منٹ پر ہوگا، جبکہ اسی روز رات 8 بج کر 30 منٹ پر قبرص کے خلاف میدان میں اترے گا۔

پاکستان 26 اکتوبر کو بھی دو میچز کھیلے گا۔ قومی ٹیم دوپہر 12 بج کر 30 منٹ پر اردن کے خلاف جبکہ شام 7 بج کر 15 منٹ پر نائیجیریا کے خلاف میچ کھیلے گی۔

شیڈول کے مطابق پاکستان کو کوالیفائنگ مرحلے کے پانچوں میچز صرف 72 گھنٹوں کے اندر مکمل کرنا ہوں گے۔ گروپ مرحلے کے دوسرے اور تیسرے روز پاکستان کو ایک ہی دن میں دو دو میچز کھیلنا ہوں گے۔

3 ہزار سے زائد شرکا کی شرکت متوقع

فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول میں 2011 یا 2012 میں پیدا ہونے والے کھلاڑی حصہ لیں گے۔ ٹورنامنٹ میں 3 ہزار سے زائد نوجوان کھلاڑیوں، کوچز اور عہدیداروں کی شرکت متوقع ہے۔

میچز 68 میٹر لمبے اور 47 میٹر چوڑے میدانوں میں کھیلے جائیں گے، جبکہ گول پوسٹس کا سائز 7.32 میٹر چوڑا اور 2.44 میٹر بلند ہوگا۔

مقابلے کا انعقاد دو مراحل میں ہوگا۔ 24 سے 26 اکتوبر تک جاری رہنے والے کوالیفائنگ مرحلے میں ٹیمیں گروپس میں راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت کھیلیں گی اور ہر ٹیم چار یا پانچ میچز کھیلے گی۔

ان میچز کے نتائج کی بنیاد پر ٹیموں کی ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں پوزیشن طے ہوگی۔ اس مرحلے میں ٹیموں کو کارکردگی کی بنیاد پر چھ مختلف درجوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر ٹیم اپنے درجے کے مطابق مزید چار یا پانچ میچز کھیلے گی۔

روایتی ناک آؤٹ مقابلوں کے برعکس تمام ٹیمیں آخری میچ ڈے تک مقابلے میں موجود رہیں گی۔ اس طرح ہر ٹیم کو زیادہ میچز کھیلنے اور طویل مسابقتی تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

چھوں درجوں میں الگ الگ فاتح ٹیموں کا اعلان کیا جائے گا، جبکہ ٹئیر اے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 کی چیمپئن قرار دیا جائے گا۔

فیفا نے متوازن گروپس اور مسابقتی میچز کے لیے ٹورنامنٹ سے قبل رینکنگ سسٹم استعمال کیا ہے۔ اس نظام میں سینئر قومی ٹیموں کی کارکردگی کے ساتھ نوجوان ٹیموں کی حالیہ شرکت اور نتائج کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔ اس طرح ٹیموں کی مجموعی طاقت اور نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات دونوں کو رینکنگ میں شامل کیا گیا ہے۔

کوالیفائنگ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد 27 اکتوبر کو ٹیموں کو آرام کا دن دیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا اگلا مرحلہ 28 اکتوبر سے شروع ہوگا، جبکہ مختلف ٹئیرز کے فائنلز اور اختتامی تقریب 30 اکتوبر کو ہوگی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
Pocket
WhatsApp

متعلقہ خبریں

تازہ ترین خبریں