ملک بھر میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے اور بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔
فوکل پرسن ینگ انجینئرنگ کونسل عثمان فاروق کے مطابق سسٹم سے متعدد پاور ہاؤسز نکل گئے ہیں، جن کی 16 اکتوبر تک واپسی متوقع ہے۔ ان پاور ہاؤسز کی بندش کے باعث بجلی کے شارٹ فال میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور لیسکو سمیت تمام ڈسکوز میں صورتحال خراب ہوگئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بجلی کے شارٹ فال کے باعث غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ 3 سے 4 گھنٹے تک پہنچ گئی ہے۔ ان کے مطابق گیس کے بعد ڈیزل اور پانی سے بجلی کی پیداوار میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔
دوسری جانب لیسکو ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث شارٹ فال ایک ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے، جس کے نتیجے میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق لیسکو چیف کی جانب سے طلب کے مطابق بجلی کا کوٹا بڑھانے کی درخواست کے باوجود کوٹا نہیں بڑھایا جاسکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کا نظام اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے اور آئندہ چند روز کے دوران شہریوں کو مزید بدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔





