ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اسلامی دنیا کے لیے ایک پیغام ہے اور اس کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔
شمالی صوبہ سامسون میں نوجوانوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے مل کر یہ قدم اٹھایا ہے تاکہ اسلامی دنیا کو ایک پیغام دیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے مثبت پیش رفت ہو رہی ہے اور ہم اس میں کامیاب ہوں گے۔
ترک صدر سے سوال کیا گیا کہ دنیا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان سے زیادہ بڑی ہے، جس پر انہوں نے کہا کہ وہ ایک منصفانہ دنیا کے حق میں اپنی وکالت جاری رکھیں گے۔
مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں جو کچھ ہو رہا ہے، ترکیہ اسے بغور دیکھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہرمز کے علاوہ خلیج کے کئی حصوں میں بھی سنگین نوعیت کی مشکلات موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ کا مؤقف ہے کہ اسلامی دنیا کو درپیش مشکلات پر جلد از جلد قابو پانا چاہیے اور اس مقصد کے لیے ترکیہ اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
ترک صدر نے کہا کہ اس معاملے کو معمولی نہیں سمجھا جاسکتا، کیونکہ ترکیہ سے لوگوں کی بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں۔





