وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہاؤسنگ اسکیم ’اپنی چھت اپنا گھر‘ نے عالمی سطح پر اعزاز حاصل کرلیا۔ صوبائی وزرا عظمیٰ بخاری اور بلال یاسین نے اس اعزاز کو پنجاب سمیت پاکستان کے لیے اہم کامیابی قرار دیا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ ’اپنی چھت اپنا گھر‘ پروگرام کو اقوام متحدہ کے ادارے یو این ہیبی ٹیٹ کی جانب سے ’سکرول آف آنر‘ ایوارڈ دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی اعزاز کے لیے منتخب کیے گئے 5 منصوبوں میں پنجاب کا ’اپنی چھت اپنا گھر‘ پروگرام پہلے نمبر پر رہا، جو صوبے کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق 2024 میں شروع کیے گئے اس منصوبے کے تحت اب تک 2 لاکھ 30 ہزار افراد کو اپنے گھر کی سہولت فراہم کی جاچکی ہے۔ حکومت نے 5 سال میں 10 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک سے 10 مرلہ تک کا پلاٹ رکھنے والے کم آمدن افراد کو گھر کی تعمیر کے لیے بلا سود قرض فراہم کیا جا رہا ہے، جس کی واپسی 9 سال میں کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ منصوبہ میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر چل رہا ہے اور اس کے لیے کسی سفارش کی ضرورت نہیں۔
عظمیٰ بخاری نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 13 سال کے دوران کم آمدن والے افراد کے لیے پنجاب کی طرز کا ہاؤسنگ منصوبہ کیوں شروع نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں ’ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر‘ دینے کے وعدے عملی شکل اختیار نہیں کرسکے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب حکومت کے موجودہ ہاؤسنگ پروگرام اور سابق حکومت کے منصوبے میں بنیادی فرق قرض کے ماڈل کا ہے۔ ان کے مطابق پنجاب حکومت شہریوں کے لیے قرض پر سود خود ادا کر رہی ہے، جبکہ سابق منصوبے میں سود کی ادائیگی شہریوں کے ذمے تھی۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ عالمی اعزاز صرف وزیراعلیٰ مریم نواز نہیں بلکہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کے لیے بھی اعزاز ہے۔ ان کے مطابق تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب کو بھرپور پذیرائی ملی اور ’اپنی چھت اپنا گھر‘ دنیا میں تیزی سے آگے بڑھنے والے ہاؤسنگ منصوبوں میں شامل ہے۔
بلال یاسین نے بتایا کہ منصوبے کے تحت 2 لاکھ 20 ہزار خاندانوں کو رقوم فراہم کی جاچکی ہیں، جبکہ ایک لاکھ 22 ہزار خاندان اپنے گھروں میں رہائش اختیار کرچکے ہیں۔ ان کے مطابق اب تک 278 ارب روپے عام شہریوں میں تقسیم کیے جاچکے ہیں اور یہ تمام رقم سود سے پاک ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب نے ہاؤسنگ کے شعبے میں اہم پیش رفت کی ہے اور کم آمدن والے خاندانوں کو اپنا گھر بنانے کے لیے عملی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ان کے مطابق منصوبہ صرف دو سال کی مدت میں اس بڑے پیمانے تک پہنچا ہے۔
بلال یاسین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور میں ایک گھر بھی مکمل نہیں ہوا، جبکہ موجودہ حکومت کو سیاسی نعروں کے بجائے عوامی خدمت کے منصوبوں پر عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔





