بدھ, اکتوبر ۲۱, ۲۰۲۶ – ۱:۵۳ صبح
 

ایشین گیمز میں پاکستان کی کامیابی، جنوبی کوریا کو ہرا کر سیمی فائنل میں رسائی

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
Pocket
WhatsApp

پاکستان نے 20ویں ایشین گیمز کے مردوں کے اسکواش ٹیم ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں جنوبی کوریا کو 2-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

پاکستان کی جانب سے محمد اشعب عرفان اور نور زمان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلائی۔

مردوں کے سنگلز مقابلوں میں پہلے ہی کانسی کا تمغہ جیتنے والے محمد اشعب عرفان نے پاکستان کو کامیاب آغاز فراہم کیا۔ انہوں نے جنوبی کوریا کے جوئیونگ نا کو براہِ راست 3 گیمز میں 5-11، 8-11 اور 8-11 سے شکست دی۔

عرفان نے پہلے گیم میں ابتدا ہی سے برتری قائم رکھی اور 5-11 سے کامیابی حاصل کی، جبکہ دوسرے اور تیسرے گیم میں جنوبی کوریائی کھلاڑی نے مزاحمت کی۔ تاہم عرفان نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے دونوں گیمز بھی 8-11 کے یکساں اسکور سے جیت لیے۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان کو کوارٹر فائنل میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی۔

پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے صرف ایک اور کامیابی درکار تھی اور نور زمان نے فیصلہ کن مقابلے میں ٹیم کی توقعات پوری کردیں۔ پاکستان کے اعلیٰ درجہ رکھنے والے کھلاڑی نے جنوبی کوریا کے سیوجن اوہ کو 4-11، 5-11، 8-11 اور 2-11 سے شکست دے کر پاکستان کی کامیابی یقینی بنادی۔

نور زمان نے پہلے دو گیمز میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔ تاہم جنوبی کوریا کے اوہ نے تیسرے گیم میں عمدہ واپسی کی اور 8-11 سے کامیابی حاصل کرکے مقابلے میں اپنی ٹیم کی امیدیں برقرار رکھیں۔

نور زمان نے چوتھے گیم میں دوبارہ کھیل پر مکمل گرفت حاصل کرلی۔ انہوں نے 2-11 سے گیم جیت کر میچ اپنے نام کیا اور پاکستان کو کوارٹر فائنل میں 0-2 سے کامیابی دلا دی۔

پاکستان کی ٹیم میں ناصر اقبال بھی شامل تھے، تاہم پہلے دونوں میچوں میں پاکستان کی کامیابی کے بعد فیصلہ کن تیسرا مقابلہ کھیلنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ایشین گیمز کے مردوں کے اسکواش ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
Pocket
WhatsApp

متعلقہ خبریں

تازہ ترین خبریں