اتوار, اکتوبر ۱۸, ۲۰۲۶ – ۱:۳۰ شام
 

اسلام آباد پولیس کی کارروائیاں، 5 کروڑ 85 لاکھ روپے سے زائد کا مالِ مسروقہ برآمد

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
Pocket
WhatsApp

اسلام آباد پولیس کے سٹی زون نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران گزشتہ ایک ماہ میں 4 جرائم پیشہ گروہوں کے 12 ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جن میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے برآمد ہونے والے مالِ مسروقہ کی مالیت 5 کروڑ 85 لاکھ روپے سے زائد ہے، جو اصل مالکان کے حوالے کر دیا گیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق انسدادِ جرائم مہم کے تحت تھانہ کوہسار اور تھانہ آبپارہ پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے سنگین جرائم میں ملوث 4 گروہوں کو گرفتار کیا۔ کارروائیوں کے نتیجے میں گرفتار ملزمان کے قبضے سے قیمتی گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، طلائی زیورات، نقد رقم اور قیمتی موبائل فون برآمد کیے گئے۔

برآمد شدہ سامان اصل مالکان کے حوالے

مالِ مسروقہ کی واپسی کے لیے تھانہ کوہسار میں تقریب منعقد کی گئی، جس میں ایس پی سٹی زون محمد خرم اشرف نے شہریوں کو ان کی برآمد شدہ گاڑیاں، زیورات، نقدی اور دیگر سامان واپس کیا۔

اپنا قیمتی سامان واپس ملنے پر شہریوں نے اسلام آباد پولیس کا شکریہ ادا کیا اور اس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی سٹی زون محمد خرم اشرف نے کہا کہ شہریوں کی قیمتی املاک برآمد کرکے اصل مالکان تک پہنچانا پولیس کی مؤثر تفتیش اور پیشہ ورانہ کارکردگی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ شفافیت برقرار رکھنے اور عوام کا اعتماد مضبوط بنانے کے لیے سٹی زون میں ہر ماہ برآمد شدہ مالِ مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کرنے کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

ایس پی محمد خرم اشرف نے کہا کہ شہریوں کو ان کی قیمتی املاک سے محروم کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت اور مؤثر بنایا جائے گا۔ ان کے مطابق اسلام آباد پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
Pocket
WhatsApp

متعلقہ خبریں

تازہ ترین خبریں