پاکستانی فلم ’وکھری‘ کو ساؤتھ ایشین فلم سیزن 2026 کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے، جس کا اہتمام ایک برطانوی نشریاتی ادارے کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔
فلم ’وکھری‘ کی کہانی مقتول سوشل میڈیا شخصیت قندیل بلوچ کی زندگی سے متاثر ہے، جنہیں غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا تھا۔
رواں سال کے ساؤتھ ایشین فلم سیزن میں پاکستان، بھارت اور بنگلا دیش کی 9 فلمیں شامل ہیں۔ اس فلمی سیزن کا مقصد جنوبی ایشیائی سنیما اور فلم سازوں کو عالمی ناظرین تک متعارف کرانا ہے۔
2024 میں پاکستان بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ’وکھری‘ کی کہانی نور ملک نامی ایک بیوہ اسکول ٹیچر کے گرد گھومتی ہے، جو اچانک سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرلیتی ہے۔
فلم کی ہدایت کاری ارم پروین بلال نے کی ہے، جبکہ فریال محمود نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
’وکھری‘ 5 اکتوبر کو برطانوی نشریاتی ادارے پر نشر کی جائے گی، جس کے بعد اسے آن لائن بھی پیش کیا جائے گا۔





