اسلام آباد کے علاقے شمس ٹاؤن جھنگی سیداں میں 3 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا، پولیس نے واقعے میں ملوث ہونے کے شبہے میں ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق بچی 22 ستمبر کو گلی میں کھیل رہی تھی، تاہم کھیلنے کے بعد وہ گھر واپس نہیں آئی۔ بچی کی والدہ نے رات 11 بجے پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی گئی، جس میں ایک شخص بچی کو اپنے ساتھ لے جاتا دکھائی دیا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزم کاشف کو گرفتار کیا اور اس کی نشاندہی پر بچی کی لاش بھی برآمد کرلی۔
ایس پی ڈاکٹر ایاز کے مطابق ڈاکٹرز نے بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کی تصدیق کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زیرِحراست ملزم نے بچی کے قتل کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔





